قومی اسمبلی اجلاس، حکومتی اراکین میڈیا پر برس پڑے


اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں حکومتی اراکین میڈیا پر برس پڑے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک لا کر بحث کرنے کی ہدایت کر دی۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ 2 روز قبل ایک ٹی وی اینکر نے پروگرام میں کہا کہ میری نازیبا ویڈیوز موجود ہیں اور جب میں اُن موصوف سے ملاقات کے دوران ویڈیوز کے متعلق پوچھا تو کہا گیا کہ ویڈیوز کسی اور کے پاس ہیں۔ یہ اینکرز ریٹنگ کے لیے ایسا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیا ہم سیاستدان اپنی عزت چوک پر رکھ کر آئیں کہ ہر کوئی چھتر مار لے ؟ حکومت اور حزب اختلاف مل کر اس معاملہ کا تدارک کریں اور خصوصی کمیٹی بنائی جائے۔ سیاستدان لاکھوں لوگوں کا نمائندہ ہوتا، اسکی عزت پر سوال اٹھے گا تو حلقہ کے لوگ پوچھیں گے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے خود اپنی عزت نیلامی کے لیے رکھی ہوئی ہے کیونکہ ہم خود پارلیمنٹ میں جو کچھ کررہے ہیں اس میں میڈیا کا کیا قصور ہے ؟ اگر حکومت کے خلاف میڈیا بات کرے تو پیمرا حرکت میں آ جاتا ہے لیکن حزب اختلاف کے ساتھ جو کچھ ہوتا رہے اس پر حکومت مزے لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری خود اینکر رہے ہیں اور انہوں نے جب لوگوں کی پگڑیاں اچھالیں اس کا کیا ہو گا ؟ اب اپنی پگڑی اچھلنے کا مزہ لیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج حکومت کے پاؤں جلے ہیں تو وہ چیخ رہے ہیں لیکن جب ہمارے پاؤں جل رہے تھے تو یہ کیا کر رہے تھے ؟ ہم بھی سنجیدہ بحث کی طرف آنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں اب یہ تبدیلی کا سفر رکے گا نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

وفاقی وزیر موسمیات زرتاج گل نے کہا کہ جب آپ کھڑے ہو کر یہاں گالیاں دیتے ہیں تو سب بھول جاتے ہیں۔ ‏ویڈیو سامنے لائی جائے ورنہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) الزام لگانے والوں کو پکڑے۔ ‏عزت سب کی برابرہے، خواتین بھی انتخاب لڑ کر اسمبلی آتی ہیں۔


متعلقہ خبریں