لگتا ہے حکومت ہمارے ساتھ گیم کھیل رہی ہے، بلاول بھٹو

لگتا ہے حکومت ہمارے ساتھ گیم کھیل رہی ہے، بلاول بھٹو

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے ہماری ترامیم پر غور کرنے کی حامی بھری تھی لیکن ہمیں لگتا ہے حکومت ہمارے ساتھ کوئی گیم کھیل رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آرمی ایکٹ میں ترمیم کر رہی ہے تاہم پیپلز پارٹی نے بل کے طریقہ کار پر اختلاف کیا ہے۔ پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے بل منظور کرانا جمہوریت کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی سی ای سی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پارٹی نے فیصلہ کیا کہ آرمی ایکٹ ترمیمی بل پر اپنی ترامیم پیش کریں گے۔ عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے آرمی ایکٹ رولز کو بھی حزب اختلاف کے سامنے رکھا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے اہم قانون سازی پر تمام پارلیمانی طریقہ کار پر عملدرآمد کیا جائے اور اگر حکومت نے جمہوری طریقہ کار پر عملدرآمد نہ کیا تو حکومت کو قانون کی منظوری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ پر پیپلز پارٹی کی ترامیم پر حزب اختلاف جماعتوں سے حمایت کی درخواست کریں گے اور ہم اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اس اہم قانون میں بہتری لانا چاہتے ہیں۔ ہم نے آرمی ایکٹ سے متعلق 3 ترامیم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں قومی اسمبلی اجلاس، حکومتی اراکین میڈیا پر برس پڑے

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے جو غلطی ہوئی تھی وہ اب نہ ہو۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق وزیر اعظم کو قومی سلامتی کمیٹی کو اعتماد میں لینے کی تجویز دی ہے۔


متعلقہ خبریں