کراچی: اغواکاروں نے معصوم بچے کی آنکھ میں ایلفی ڈال دی، مقدمہ درج

کراچی: اغواکاروں نے معصوم بچے کی آنکھ میں ایلفی ڈال دی، مقدمہ درج

کراچی: شہر قائد میں معصوم بچے کی آنکھ میں ایلفی ڈالنے کے دلخراش واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق الیاس گوٹھ، ابراہیم حیدری کورنگی کا رہائشی آٹھ سالہ بچہ عبدالحنان صبح آٹھ بجے گھر سے چیز لینے نکلا تھا کہ مبینہ طور پر لاپتہ ہو گیا جس کے بعد اہل خانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو ڈھونڈا لیکن وہ نہیں ملا۔

کراچی میں اغوا کے بعد قتل کیے گئے بچہ کا جنازہ

اہل خانہ کے مطابق تھانہ ابراہیم حیدری میں بچے کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی لیکن پھر حیرت انگیز طور پر بچے کو اغوا کرنے والے اس کی آنکھ میں ایلفی ڈال کر بنگالی پاڑے میں سڑک پہ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

بچے کے ملنے کے بعد اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں معصوم عبدالحنان کو طبی امداد دی گئی۔ اس ضمن میں علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے نتیجے میں بچے کے ساتھ زیادتی کے شواہد نہیں ملے ہیں۔

عبدالحنان کے بھائی رضوان کی مدعیت میں مقدمہ نمبر02/2020 درج کیا گیا ہے  جس میں اغوا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق علاقہ پولیس کا کہنا ہے کہ مدعی سمیت کمسن بچے کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے کسی پر شک کا اظہار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں پوری طرح سے تفتیش و تحقیق کرکے ملزمان کو قانون کے دائرے میں لانے کی کوشش کرے گی تاہم تفیتیشی اداروں کے لیے یہ امر انتہائی حیران کن ہے کہ بچے کی آنکھ میں ایلفی ڈالنے کا کیا مقصد تھا؟ اور اگر اسے اغوا کیا گیا تھا تو پھر اہل خانہ کو کوئی فون کال وغیرہ کیوں موصول نہیں ہوئی؟

خیبرپختونخوا: گمشدہ و لاپتہ بچوں کی بازیابی کے لیے ’میرا بچہ الرٹ‘

ہم نیوز کے مطابق اس ضمن میں متعدد سوالات تفتیشی اداروں کے متعلقہ افسران کے اذہان میں زیر گردش ہیں لیکن ان کے جوابات مکمل تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گے۔


متعلقہ خبریں