فواد چوہدری کے تھپڑ مارنے کا دفاع نہیں کیا جا سکتا، علی محمد


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کے تھپڑ مارنے کا کسی صورت دفاع نہیں کیا جاسکتا چاہے کوئی بھی وجہ ہو۔

ہم نیوز کے پروگرام ’’پاکستان ٹونائٹ‘‘ میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں نہیں لیا جاسکتا۔ داد رسی کے لئے ریاست کے ادارے موجود ہیں۔ ہر کسی کو عزت دینی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی ترمیمی ایکٹ کل متفقہ طور پر منظور ہو جائے گا، اس حوالے سے تمام جماعتیں ایک صفحے پر ہیں۔

قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد ایران امریکہ جنگ کے متعلق سوال پر وزیر مملکت نے کہا پاکستان کی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہوگی، یہ میڈ ان پاکستان پالیسی ہے۔ ہم نے کسی فریق کا ساتھ دیا تو پھر پاکستان کو بچانے کوئی نہیں آئے گا۔

نیب ترمیمی آرڈیننس پر نیب کے پراسیکوٹر کے اس بیان پر کہ یہ آرڈیننس موثر بہ ماضی نہیں ہے وزیر مملکت کا کہنا ہے کہ وہ خود اس پر کنفیوز ہیں کہ ایسا ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کا مؤقف ایرانی حمایت کی طرف اشارہ ہے، دفاعی تجزیہ کار

آرمی ترمیمی ایکٹ پر علی محمد خان نے کہا کہ جب سب جماعتیں متفق ہیں تو پتہ نہیں شور کس بات کا ہے۔ وہ جماعتیں بھی شور مچا رہی ہیں جنہوں نے مشرف کو وردی میں صدر رہنے کی اجازت دی۔


متعلقہ خبریں