کراچی: اپنی نوعیت کی منفرد کرکٹ لیگ کا انعقاد


کراچی: شہرقائد میں اپنی نوعیت کی منفرد کرکٹ لیگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں کا انتخاب سوشل میڈیا کے پلٹ فارم کے ذریعے ہوا۔

لیگ میں 120 کھلاڑیوں نے چھ ٹیموں میں حصہ لیا ہے جبکہ جوہر جیگوارز نے فائنل میں لیاری کنگز کو شکست دے کر میدان مار لیا۔

کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس گراؤنڈ میں اپنی نوعیت کی منفرد کرکٹ لیگ میں چھ ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں ناظم آباد نائٹ رائیڈرز،جوہر جیگوارز،ملیرہاکس، گلشن گلیڈیٹرز،ڈیفنس واریئرز اورلیارک کنگز شامل تھیں۔

ایچ کیو پریمیئر لیگ کے آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے بہت محنت کی، ہمارے فیس بک گروپ پر پانچ ہزار سے زائد ممبرز ہیں جن میں سے 120 لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ۔

انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو ڈرافٹنگ کے ذریعے منتخب کیا گیا، اکثر لوگ پہلی بار ایک دوسرے سے مل رہے تھے، تین روزہ کرکٹ ایچ کیو لیگ کا مقصد ٹیپ بال کرکٹ کوفروغ دے کر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ کیو لیگ کے فائنل کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں فیملیز بھی آئیں ،جبکہ کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے فرسٹ کلاس کرکٹرز اور پی سی بی کے آفیشلز سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی جنھوں نے کھلاڑیوں میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

اعدادو شمارکے ماہر دنیا کے پہلے بلائنڈ تجزیہ کار سہیل خان خصوصی طور پر لیگ کا حصہ بنے جبکہ یوٹیوب پر میچز کو لائیو نشر کیا گیا۔

مہمانوں نے ٹیپ بال کرکٹ کی اسطرح پزیرائی کرنے پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کرکٹ ایچ کیو لیگ کا فائنل جوہر جیگوارز نے 7 وکٹوں سے جیتا اور ٹرافی اپنے نام کی۔


متعلقہ خبریں