معروف قانون دان فخر الدین جی ابراہیم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی


کراچی: معروف قانون دان فخر الدین جی ابراہیم انتقال کرگئے ہیں۔ فخرالدین جی ابراہیم اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

فخرالدین جی ابراہیم کی نمازہ جنازہ شام 7 بجے میوہ شاہ برہانی مسجد میں ادا کی گئی۔ نمازہ جنازہ میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی ایم شیخ، جسٹس عقیل عباسی، جسٹس عرفان سعادت خان سمیت ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے بھی شرکت کی۔

نماز جنازہ میں ریٹائرڈ ججز سمیت سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان معین خان بھی شریک ہوئے۔ فخرالدین جی ابراہیم کی تدفین نور باغ قبرستان میں کی گئی۔

مرحوم نے اٹارنی جنرل اور چیف الیکشن کمیشن کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔ وہ 2012 سے 2013 تک چیف الیکشن کمشنر رہے اور بطور چیف الیکشن کمشنر ان کی سربراہی میں 2013 کے عام انتخابات ہوئے۔

فخر الدین جی ابراہیم سپریم کورٹ کے جج ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔ انہیں 2012 میں حبیب جالب امن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

وہ 2 فروری 1928 کو متحدہ ہندوستان کے شہر گجرات میں پیدا ہوئے اور 1952 میں انگلینڈ سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ فخر الدین جی ابراہیم نے 1981 میں جنرل ضیاالحق کے دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں