منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے اداکارہ صوفیہ مرزا کو کلین چٹ دے دی


لاہور: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے معروف اداکارہ صوفیہ مرزا کو منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ دے دی۔

ایف آئی اے کی چار رکنی کمیٹی نے اداکارہ صوفیہ مرزا کو منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ دی۔ ایف آئی اے نے اداکارہ کو کلیئر کرنے کے بعد تحقیقات کو داخل دفتر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

شہری بلال کی درخواست پر صوفیہ مرزا کے خلاف چار ماہ قبل تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا اور تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماوران خان کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

شہری بلال نے الزام عائد کیا تھا کہ صوفیہ مرزا غیر قانونی طریقے سے لاکھوں روپے بیرون ملک منتقل کرچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ماڈل گرل ایان علی کا کیس داخل دفتر

واضح رہے متعدد ڈراموں میں کام کرنے والی اداکارہ صوفیہ مرزا دو سال قبل فراڈ اور اغوا کاری میں بھی ملوث قرار پائی گئی تھیں۔

سن 2015 میں ماڈل ایان علی اسلام آباد ائر پورٹ پر 506,800 ڈالر مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات اسمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔

ایان علی کو عدالت سے سزا ہوئی اور انہیں جیل مننتقل کیا گیا جبکہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی ڈالا گیا تاہم وہ عدالت سے ضمانت کرواکر دبئی چلی گئیں۔

رواں برس مارچ میں ان کے خلاف کیس داخل دفتر کر دیا گیا تھا۔

کسٹمز کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت گواہان کے بیانات قلمبند کیے۔ عدالت نے بیان قلمبند کرنے کے بعد ایان علی کے خلاف کیس داخل دفتر کیا تھا۔


متعلقہ خبریں