ڈیڑھ سال میں 9 لاکھ قابل افراد باہر چلے گئے، سینیٹر سراج الحق

فوٹو: فائل


خضدار: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں 200 فیصد مہنگائی میں اضافہ ہوا اور 9 لاکھ قابل افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے گئے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے خضدار پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران و امریکہ تنازعہ تیسری عالمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔ ایران اور امریکہ حالیہ تنازعہ میں پاکستان کو گھوڑوں کا اصطبل نہیں بننا چائیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کو قریب لانے کے لیے حکومت پاکستان کوشش کرے۔

ملکی حالات پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر مغل طرز کی حکمرانی قائم ہے اور جب تک نظام تبدیل نہیں ہو گا ملک میں خوشحالی نہیں آئے گی۔ متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) انتخابی اتحاد تھی جو وقت کے ساتھ ختم ہوگئی۔

انہوں ںے کہا کہ بلوچستان کے صرف ایک محکمہ میں 65 فیصد بدعنوانی ہوئی تو ترقی کہاں سے آئے گی ؟ بلوچستان حکومت نے 37 ارب روپے خرچ کرنے کے بجائے بچا کر واپس کر دیے جب عوام کے وسائل اُن پر خرچ نہیں ہوں گے تو مسائل کیسے ختم ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ملک میں موجودہ حکومت کے دور میں مہنگائی میں 200 فیصد اضافہ ہوا اور 8 کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 9 لاکھ قابل افراد ملک چھوڑ کر باہر جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ، باچا خان چوک کے قریب دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 14 زخمی

انہوں نے کہا کہ آمریت کو ہمیشہ سیاسی جماعتوں نے ہی مسلط ہونے کا موقع فراہم کیا جبکہ سیاسی جماعتوں میں بھی جمہوریت قائم نہیں ہے اور چند خاندان پارٹیوں کو بھی اپنی پراپرٹی سمجھتے ہیں، پاکستان میں ہر بچہ مقروض پیدا ہوتا ہے لیکن 50 خاندان امیر ہوتے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں