امریکی جارحیت میں معاون ممالک کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، آیت اللہ خامنائی

امریکی جارحیت میں معاون ممالک کو بھی نشانہ بنایا جائے گا، آیت اللہ خامنائی

فائل فوٹو


تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنائی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ہمارے خلاف امریکی جارحیت میں معاون ممالک کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔

قوم سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ امریکی ائیر بیس پر حملہ کامیاب رہا اور ہم اس سے بھی بڑے حملے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم آج دنیا کے غنڈوں کے خلاف متحد ہوگئی ہے، پچھلی رات امریکیوں کے چہرے پر ایک طمانچہ تھا، امریکہ کی موجودگی خطے میں فساد کی جڑ ہے اس کو یہ خطہ چھوڑنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی زیادتی نہیں کی، وہی کیا جو امریکہ نے جنرل سلیمانی کے ساتھ کیا تھا۔ ہم نے دنیا پر واضح کردیا کہ ہمارے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

آیت اللہ خامنائی نے کہا کہ ہم اپنے دفاع میں کسی بھی قسم کی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے، ایرانی قوم کی ایک بہترین اورمضبوط تاریخ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کی مدد کے لئے لبنان سے حزب اللہ کو ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ حزب اللہ لبنان میں ہاتھوں اور آنکھوں کی طرح کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی ایران کا بہادر سپوت تھا۔ قاسم سلیمانی صرف فوجی نہیں، سیاسی میدان میں بھی جرات کا مظاہرہ کرتےتھے اور وہ مغربی ایشیا میں امریکی سازشوں کے خلاف رکاوٹ تھے۔

روحانی کا کہنا تھا کہ امریکہ سلیمانی جیسے ایران کے مضبوط بازو کاٹ سکتا ہے تو ایران امریکہ کی خطے میں جڑیں کاٹ دے گا۔


متعلقہ خبریں