ڈالر خریدنے والوں کیلئے ایف بی آر کا شکنجہ تیار

فوٹو: فائل


لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ڈالر خریدنے والوں کیلئے شکنجہ تیار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے سال 2018 ,2017 کے دوران لاکھوں روپے کے ڈالرز خریدنے والوں کے ٹیکس معاملات کی چھان بین شروع کردی ہے۔

ایف بی آرذرائع کا کہنا ہےکہ ملک بھر میں 24 ہزار افراد نےڈالرز کی بڑے پیمانے پر خریداری کی جن میں 9 ہزار880  کا تعلق لاہورسے ہے۔

اطلاعات کے مطابق  ایف بی آر نے کارروائی کیلئے لاہور کے ریجنل ٹیکس دفاتر کو ڈالرز خریدنے والوں کی فہرستیں بھجوا دی ہیں جن کے ٹیکس معاملات کی چھان بین شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے کہا تھا رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ٹیکس وصولی مقررہ ہدف سے 280 ارب روپے کم رہی ہے جس کے باعث نظرثانی ضروری ہو گئی تھی، اس کمی کی وجہ برآمدات میں کمی ہے جو تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی ہم گزشتہ سال کے پہلے پانچ ماہ کے مقابلے میں 16 سے 17 فیصد زیادہ ٹیکس جمع کر چکے ہیں جبکہ سال مکمل ہونے تک یہ 30 فیصد سے زیادہ ہو جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس مجموعی طور پر 3850 ارب روپے کے محصولات جمع ہوئے تھے جو موجودہ سال بڑھ کر 5000 ارب روپے سے زیادہ ہو جائیں گے۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ریونیو کا 5 ہزار 500 کا ہدف اس لیے رکھا گیا کہ بڑا ہدف سامنے ہو گا تو کوشش بھی زیادہ ہو گی۔ اگر ہدف کم ہوتا تو اس کے لیے یقیناً کوششیں بھی کم ہوتیں۔


متعلقہ خبریں