ایران-امریکہ کشیدگی: پاکستان نے اہم اجلاس طلب کرلیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: ایران امریکہ بڑھتی کشیدگی کے بعد خطے پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے قومی اسمبلی کی خارجہ امور کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس کل شام ساڑھے چار بجے وزارت خارجہ میں چیئرمین احسان اللہ ٹوانہ کی صدارت میں ہوگا۔

اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران امریکہ کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

وزیر خارجہ موجودہ صورتحال پر پاکستان کی سفارتی پالیسی سے آگاہ کریں گے۔

اس کے علاوہ بھارت کے متنازع شہریت ایکٹ پر سیکرٹری خارجہ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

ایران-امریکہ کشیدگی

بدھ کی صبح ایران نے عراق میں موجود امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے مطابق ایران سے 12 بلیسٹک میزائل داغے گئے جن سے الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

پینٹاگان کی طرف سے جاری ابتدائی بیان کے مطابق ایران نے امریکی اور اتحادی افواج کو نشانہ بنایا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق فی الحال نہیں کی گئی۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حملے میں 80 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

ایران کے امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب کرنا تھا جس کو مؤخر کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے گرد سیکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

امریکی فیڈرل ایویشن نے مسافر طیاروں کومشرق وسطیٰ کی فضائی حددود استعمال کرنے سے منع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ جمعے امریکہ نے عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈورن حملے میں ہلاک کر دیا تھا جو ایران امریکہ کشیدگی میں اضافے کا سبب بنا۔


متعلقہ خبریں