نیتن یاہو نے ایران کو اسرائیل پر حملے سے خبردار کردیا


یروشیلم: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اس کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا بیان مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ میں شدت اور ایران کی جانب سے عراق میں امریکی فوجی تنصیبات کو بلاسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

امریکی ڈرون حملے میں القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی عراق میں ہلاکت کے جواب میں ایران نے میزائلوں سے عراق میں الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے یروشیلم میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں جو ہمیں مارنا چاہتے ہیں۔ ہم عزم اور طاقت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جو بھی ہم پر حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے جوابی حملے میں اسے ایک زبردست دھچکہ لگے گا۔

تیتن یاہو نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ’’دہشت گردوں کا سردار‘‘ گردانتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دلیری اور ثابت قدمی سے ایرانی جنرل کا خاتمہ کرنے پر مبارک دی۔

انہوں نے کہا کہ جنرل سلیمانی ’’کئی معصوم لوگوں کی موت کا ذمہ دار تھے، اور بہت سارے ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کیا تھا‘‘۔

اسراائیلی وزیراعظم نے کہا کہ جنرل سلیمانی نے ’’کئی دہائیوں تک خطے میں خوف اور تکلیف کے بیج بوئے تھے اور وہ مزید خرابی کا منصوبہ بنارہے تھے‘‘۔

تیتن یاہو نے کہا کہ جنرل سلیمانی مشرق وسطیٰ اور پوری دنیا میں ’’ایران کی دہشت گردی اور قتل عام کا معمار‘‘ تھا، جس کا خاتمہ کرنے پر صدر ٹرمپ مبارک باد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا خطے میں بہت سارے رہنماء ایران اور جنرل سلیمانی کے بارے میں میرے اس بیان سے اتفاق کریں گے۔


متعلقہ خبریں