قیام امن کیلئے دیگر ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں، وزیر خارجہ

مذاکرات، انتخابات اور تحریک، چنو کیا چاہتے ہیں؟ حکومت کو شاہ محمود کی پیشکش

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لیے دیگر ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران امریکہ کشیدگی کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ عرصہ دراز سے کشیدگی کا شکار ہے، 3 جنوری کے واقعات اور پھر 8 جنوری کو علی الصبح سامنے آنے والے ردعمل نے کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی نہ صرف ہمارے بلکہ پورے خطے کے مفاد میں نہیں ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خطہ مزید کسی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ معاملات کو سلجھایا جائے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی کی صورتحال کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے پاکستان نے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔ میری خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے بات ہوئی ہے اور ان سب کی یہی رائے ہے کہ ہم مل جل کر خطے کے امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں ںے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مجھے خصوصی ہدایت کی ہے کہ میں امن کی خواہش کو آگے بڑھانے اور معاملات کو سلجھانے کے لیے ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کروں۔

یہ بھی پڑھیں خطے میں امن کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کریں گے، آرمی چیف

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے امن کے قیام کے لیے رابطے شروع کر دیے ہیں تاکہ خطے کو جنگ سے بچانے کے لیے اور قیام امن کے لیے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ کیا جائے۔


متعلقہ خبریں