پی آئی اے کے سی ای او نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر دیا


اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے کام کرنے سے روکنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ نے 23 دسمبر 2019 کو پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔

ائیر مارشل ارشد ملک نے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے استدعا کی ہے کہ درخواست پر فیصلہ ہونے تک سندھ ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدے پر حکم امتناع جاری کیا جائے۔

درخواست میں ائیر مارشل ارشد ملک نے موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ میں دائر پیٹیشن میں درخواست گزار نے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔

درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کا موقف سنے بغیر سندھ ہائی کورٹ  نے یکطرفہ فیصلہ سنادیا ہے۔

درخواست سینئر وکیل نعیم بخاری کے توسط سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وفاق، پی آئی اے اور ایوی ایشن منسٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ائیرمارشل ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا تھا اور پی آئی اے میں نئی بھرتیوں اور ملازمین کو نکالنے اور تبادلے سے بھی روک دیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں