وزیر اعظم نے نوجوانوں کیلئے تاریخ کے سب سے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری سب سے بڑی کوشش سعودی عرب اور ایران کی دوستی کرانا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے 30 ارب روپے کی لاگت سے ’ہنرمند پاکستان پروگرام‘ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے، انسان اور قوم کی زندگی میں ہمیشہ اچھا برا وقت آتا رہتا ہے تاہم صرف اچھا وقت کہانیوں میں ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی زندگی اونچ نیچ کا نام ہے تاہم برے وقت میں انسان کو اصلاح کرنی چاہیے اور کمزور طبقے کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ مدینہ کی ریاست کی وجہ سے 700 سال تک مسلمان کامیاب رہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے احساس پروگرام کے ذریعے لوگوں کو نیچے سے اوپر لائیں، ہم نے گزشتہ سال سے پناہ گاہیں بنانا شروع کی تھیں اور آج پنجاب میں 170 پناہ گاہیں بن چکی ہیں۔ تاہم خسارے کے باعث لوگوں کو غربت کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر دوبارہ سبسڈی کا آغاز کر دیا ہے تاکہ تنخواہ دار طبقے کو سستی قیمتوں پر اشیا مل سکیں۔ اب تک 60 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈز دے چکے ہیں جس کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کا علاج کرایا جاسکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2020 خوشحالی کا سال ہے اس سال لوگوں کو روزگار دیں گے اور اگلے 4 سال کے دوران پاکستان میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں جس کے لیے تنخواہ دار طبقے کو بینک سے قرضہ بھی فراہم کریں گے۔ گھر بنانے سے 40 صنعتیں کام کرنا شروع کر دیں گی۔

ہنر مند پاکستان پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے فیز میں 10 ارب روپے کی لاگت سے 5 لاکھ نوجوانوں کو ہنر سکھائیں گے اور 500 ٹیکنیکل سینٹر کھولے جائیں گے تاہم پہلے فیز میں 75 ٹیکنیکل سینٹر کھولے جائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی میں ہم دوسروں کی جنگوں میں شریک ہوتے رہے ہیں تاہم اب پاکستان کسی کی جنگ میں شریک نہیں ہو گا بلکہ امن والا ملک بنے گا۔ ہماری سب سے بڑی کوشش سعودی عرب اور ایران کی دوستی کرانا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ جنگ کبھی بھی کوئی نہیں جیتتا اور جو جیتتا ہے وہ بھی ہارتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں ٹیکس وصولی میں کمی کا انکشاف

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ ہنرمند جوان پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کو جدید ترین صلاحیتیوں پر مبنی تربیت دی جائے گی جس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے علوم شامل ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہنر مند جوان پروگرام میں 70 مدارس میں بھی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کیلئےانتظام کیا جائے گا جبکہ دوست ممالک کے اشتراک سے سینٹر آف ایکسیلینس بھی قائم کیے جائیں گے۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ہنر یافتہ نوجوانوں کو عالمی اداروں کے خصوصی سرٹیفیکیٹس دیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت ملک میں نیشنل اکریڈیٹیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں