ایران: بس حادثے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 24 شدید زخمی


تہران: ایران کے مغربی سرحدی علاقے گنبد میں بس حادثے کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 24 شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  تہران سے گنبد کی جانب جانے والی مسافر بس سواد کوہ کے علاقے میں ایک گہری کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں مرد و خواتین اور بچے شامل ہیں۔

مقامی حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ بس کے بریکنگ سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں ایران کے دارالحکومت تہران میں یوکرائن کا مسافر طیارہ بوئنگ737 گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار 179 مسافربھی جان کی بازی ہار گئے۔

مسافر طیارہ امام خمینی ائرپورٹ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوا۔ ہلاک ہونے والے میں32 غیر ملکی اور 147 ایرانی مسافر سوار شامل تھے۔

حادثہ ایران کے مقامی وقت صبح 6:22 منٹ پر پیش آیا۔ چار ہیلی کاپٹر اور 22 ایمبولینسز امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بوئنگ737 ایران سے یوکرائن جا رہا تھا۔

یوکرائن کے وزیرخارجہ نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوچکے ہیں۔ ایران میں یوکرائن کے سفارتخانے نے اپنے بیام میں بتایا کہ مسافر طیارہ انجن فی ل ہونے کے سبب حادثے کا شکار ہوا۔

یوکرائن انٹرنیشنل ایئرلائن نے تہران جانے والی پروازیں غیر معینہ مدت کیلیےمعطل کردیں۔ یوکرائن سیکیورٹی کونسل کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے میں یوکرائن کے 11 شہری سوار تھے۔

بین الاقومی خبر ایجنسی کے مطابق  مسافر طیارے میں ایران، کینیڈا، سویڈن اور یوکرائن کے شہری سوار تھے۔

 


متعلقہ خبریں