ایران نے امریکہ سے سخت بدلہ لینے کا پھر اعلان کر دیا

بدھ کی صبح ایران نے عراق میں امریکی فوجی اڈوں کو اپنے میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا—فائل فوٹو۔


تہران: پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر عبدللہ ارگئی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ سے جلد سخت انتقام لے گا۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ امریکی اہداف پر ایرانی میزائل حملے ایران کی فوجی طاقت کا مظاہرہ تھے جبکہ امریکی فورسز ایسی طاقت کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔

عبدللہ ارگئی کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فورسز ان میزائلوں کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی میزائل حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

گزشتہ روز عراقی ملیشیا نے بھی امریکہ سے جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

سربراہ عراقی ملیشیا کا کہنا تھا کہ امریکہ سے اپنے شہدا کا بدلہ لینے کے لیے تیار ہیں، امریکا سے عراق کا انتقام ایران سے کم نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنا ردعمل دے دیا، اب عراق کی طرف سے جواب دینے کا وقت ہے۔

ایران-امریکہ کشیدگی

بدھ کی صبح ایران نے عراق میں موجود امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے مطابق ایران سے 12 بلیسٹک میزائل داغے گئے جن سے الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حملے میں 80 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے تاہم امریکہ نے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

خیال رہے کہ جمعے کے روز امریکہ نے عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا جو ایران امریکہ کشیدگی میں اضافے کا سبب بنا۔

 


متعلقہ خبریں