’ایرانی میزائل حملوں کا امریکہ کو پہلے سے علم تھا‘


واشنگٹن: عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں کے بارے میں وائٹ ہاؤس اور وزارت دفاع کے حکام پہلے ہی اطلاع دی گئی تھی۔

امریکی اخبار وشنگٹن پوسٹ نے وائٹ ہاؤس اور وزرات دفاع کے حکام کے حوالے سے ایک خبر میں کہا ہے کہ اینٹیلیجنس ذرائع نے متعلقہ حکام کو ایرانی میزائل حملوں کے بارے میں پیشگی اطلاع دی تھی۔

وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر افسر نے واشنگٹن پوسٹ کو نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ عراقی اینٹیلیجنس حکام نے امریکہ کو ایرانی حملوں کے بارے میں کئی گھنٹے قبل اطلاع دی تھی کہ ایران فوجی اڈوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

وزارت دفاع کے ایک افسر نے امریکی موقر اخبار کو بتایا کہ عراقی اینٹیلیجنس حکام نے حملے سے کچھ گھنٹے قبل ایرانی حملوں کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

اخباری رپورٹ کے مطابق اینٹیلیجنس اطلاعات کے بعد امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی اور دیگر سینئر عہدہ داروں کے ساتھ ایک میٹنگ طے کی تھی۔ تاہم اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی ایرانی حملوں کے بارے میں اطلاع دی گئی اور میٹینگ ملتوی کردی گئی۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق پیشگی اینٹیلیجنس انتباہ نےعراق میں موجود امریکی فوجیوں کو بنکرز میں چھپنے اور حفاظتی پوشاک پہننے کے لیے وقت فراہم کیا۔

وزارت دفاع کے ایک سینئر افسر کے مطابق امریکی فوجیوں نے الااسد ائیر بیس کو حملے سے قبل ہی خالی کردیا تھا جسکی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا ایسے موقعوں پر قسمت کا بڑا اہم کردار ہوتا ہے لیکن فوجی کمانڈروں کے بروقت فیصلے نے اس معاملے میں اہم کردار ادا کیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایرانی میزائل حملوں کے کئی گھنٹوں بعد رات کو امریکی قوم سے خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اعتراف کیا کہ ایرانی حملوں سے متعلق انتباہ کرنے میں عراق میں نصف امریکی ابتدائی انتباہی نظام نے اہم کردار ادا کیا جس سے جانی نقصان سے بچا جا سکا۔

پینٹاگان کے ایک سینئر افسر کا کہنا تھا کہ وہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران کی طرف سے جوابی کارروائی کی پوری توقع تھی لیکن یہ نہیں معلوم تھا کہ کس قسم کا حملہ ہوگا۔

ایک سینئر افسر کے مطابقعراق میں نصف امریکی ابتدائی انتباہی نظام نے بھی ایرانی میزائل حملوں کے بارے میں پیشگی اطلاع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے پاس ایسے سیٹلائٹ ہیں جو دور سے فائر کیے گئے میزائل کا لانچ کے فوراً بعد ہی اس کا پتہ لگاتے ہیں۔


متعلقہ خبریں