شیخ رشید نے حریم شاہ سے متعلق سوال کو ’گھٹیا‘ قرار دے دیا


پشاور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ٹک ٹاک ماڈل حریم شاہ سے متعلق پوچھے گئے سوال کو گھٹیا قرار دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اہم لوگوں کے سامنے اس طرح کے گھٹیا سوال نہ کریں، حریم شاہ پربات نہیں کروں گا کیونکہ اس سے وہ لوگ سر پر چڑھتے ہیں۔

آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ترمیم تعویزوں کی وجہ سے ہوئی ہے جن کی جب ضرورت ہو کام آتے ہیں، یہ لوگ ویسے نہیں مانتے اس لیے تعویز کیے ہیں۔

اس ضمن میں ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایجنڈا احتساب ہے جومارچ کے بعد اپنی اصل شکل میں آجائے گا۔

وزیر ریلوے کا مزید کہنا تھاکہ  پاکستان کو خطےمیں نئی ذمہ داریاں ملنےجا رہی ہیں، بھارت میں نوجوان اپنے حق کیلئے سڑکوں پر ہیں، وہاں کی عوام مودی کے خلاف نکل آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا اضا خیل میں نئے ڈرائی پورٹ کا افتتاح کر رہے ہیں،جسے 51 کروڑ روپے سے مکمل کیا گیا ہے، اسمگلنگ کی خاتمے کا واحد طریقہ یہی ہے کہ ڈرائی پورٹ سے مال اٹھایا جائے۔

مہنگائی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میں ان وزیروں میں سے ہوں جو سچی بات کرتے ہیں، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مہنگائی اس سال ختم ہو جائے گی مگر میرے خیال سے تین سالوں میں اس پر قابو پا لیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں