ایرانی میزائلوں نے امریکی اڈوں پر کن مقامات کو نشانہ بنایا، تصاویر جاری

فائل فوٹو


ایران کی طرف سے 8 جنوری کو داغے گئے میزائلوں نے امریکہ کے عین الاسد فوجی اڈے پر سات عمارتوں کو تباہ کیا اور نقصان پہنچایا۔

سیٹلائٹ سے گزشتہ برس 25 دسمبر اور حملے کے بعد لی گئی تصاویر کے موازنے سے معلوم ہوا کہ امریکی فوجی اڈے میں پانچ مقامات پر میزائل گرے۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ عمارات بالکل تباہ ہو گئیں جب کہ کچھ کو جزوی نقصان پہنچا۔ ایرانی میزائلوں نے فوجی اڈے کے اس حصے کو نشانہ بنایا جس میں امریکی فوجی قیام پذیر تھے۔

امریکی فوج کے سربراہ مارک میلی نے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے تین علاقوں سے درمیانے درجے کے 16 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے جن میں سے 11 عین الاسد فوجی اڈے پر اور ایک میزائل اربیل میں امریکی ملٹری بیس پر گَرا۔

عین الاسد ایئر بیس اور اربیل ایئر بیس امریکہ کے لیے تاریخی اہمیت کے حامل ہیں۔ الااسد ایئر بیس عراق کی دوسری بڑی ائیر بیس ہے جو بغداد کے مغرب میں تقریباً 180 کلومیٹر دور الابنار صوبے میں واقع ہے۔

یہ اڈہ شام کے بارڈر سے صرف 135 کلومیٹر کے فاصلے پرواقع ہے۔ عین الاسد ایئر بیس میں دو رن ویز ہیں جن کا رقبہ چار چار کلومیٹر سے زائد ہے، اس میں تین مربع کلومیٹر پر محیط ہتھیاروں کو ذخیرہ کرنےوالی عمارت بھی موجود ہے۔

خیال رہے کہ ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ ان حملوں میں80 امریکی “دہشت گرد” ہلاک ہوئے جب کہ ہیلی کاپٹر اور فوجی ساز و سامان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا ایران کی میزائل حملوں میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

 

 


متعلقہ خبریں