اسلام آباد: ایک برس قبل کینیڈا سے تعلق رکھنے والی بائیکر روزی گیبریل نے سیاحت اور پاکستانی ثقافت کے بارے میں جاننے کی نیت سے یہاں کا رخ کیا تھا۔ کون جانتا تھا کہ ان کا یہاں آنا انہیں اسلام کے نور سے منور کر دے گا۔
روزی گیبریل جوں جوں پاکستان کے مختلف شہروں جیسا کہ لاہور، ملتان، سوات، گوادر اور باقی علاقوں کا سفر کرتی جا رہی تھیں انہیں یہاں اپنائیت کا احساس اپنی لپیٹ میں لیتا جا رہا تھا۔
پہلی مرتبہ پاکستان کی ثقافت کو جاننے کیلئے وطن عزیز آئی کینیڈین بائیکر جب اس پاک سرزمین کے لوگوں سے ملیں تو تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں اور ویڈیو اور فوٹو شیئرنگ ایپلیکیشن پر بنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وقتاً فوقتاً پاکستان کے لیے تعریفی کلمات لکھتی رہیں۔
روزی گیبریل نے جب قصور میں صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے مزار پر حاضری دی تو انہیں سکون کے اس احساس نے آن گھیرا جس کی وہ ہمیشہ سے متلاشی تھیں۔
ایک پوسٹ میں انہوں نے روحانیت کے اس سفر کی تفصیل بیان کی۔
آج روزی گیبریل نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس کا سہرا انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کے سر باندھا ہے۔
کینیڈین بائیکر نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا کہ میری قسمت مجھے پاکستان لے کر آئی ناصرف اس لیے کہ میں خود کو چیلنج کر سکوں بلکہ اس لیے بھی کہ اپنی تکلیف اور انا سے چھٹکارا پا سکوں اور سیدھے راستے پہ چل سکوں۔
روزی گیبریل نے تحریر کیا کہ میں دس سے زائد برس مسلم ملک میں رہی ہوں اور وہاں ایک منفرد چیز کے بارے میں جان پائی ہوں جو کہ مجھے کہیں نہیں ملا، وہ ہے سکون کا وہ درجہ جسے حاصل کرنا بہت سے لوگوں کا خواب ہے۔
انہوں نے لکھا کہ اسلام دنیا میں سب سے زیادہ تنقید کا شکار اور غلط سمجھا جانے والا مذہب ہے مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ اسلام کا اصل امن، محبت اور واحدانیت ہے۔