’حکومت کے ٹھوس اقدامات سے معیشت بہتری کی جانب گامزن‘


اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ حکومت کے ٹھوس اقدامات سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں ترجمان وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ معیشت 2020ء کے اختتام تک بحالی کی جانب بڑھے گی۔

ترجمان کے مطابق حکومت زراعت، صنعت اور سروسز سمیت رئیل سیکٹر کی نمو کیلئے کوشاں ہے۔ عالمی بنک نے بھی اپنی رپورٹ میں حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت افراط زر میں کمی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور نمو میں اضافے کیلئے کوشاں ہے۔ عالمی بنک کے مطابق اس سال شرح نمو 2.4 فیصد، آئندہ سال 3 اور 2022ء تک 3.9 فیصد ہوجائے گا۔

ترجمان کے مطابق سال 2019ء میں سخت پالیسی اقدامات سے معیشت سست روی کا شکار رہی۔

ترجمان کے مطابق زرعی شعبے کے استحکام کے لیے 287 ارب کے 13 میگا پراجیکٹس منظور کیے گئے ہیں۔ زراعت کے شعبے کے لیے کریڈٹ کا حجم نئے سال کیلئے 1,350 ارب روپے تک رکھا گیا ہے۔ زرعی قرضے اس سال 20 فیصد اضافے سے 482 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے لیے 301 ارب روپے جاری ہوچکے ہیں۔ جاری کھاتوں کا خسارہ 72.9 فیصد تک کم ہوچکا ہے۔ مالیاتی خسارہ 1.6 فیصد تک محدود ہوچکا ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ  کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 20-2019 کے دوران اب تک 2,085 ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔


متعلقہ خبریں