وفاقی حکومت کا کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کا اعلان


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کراچی پیکیج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کا اعلان کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے وزیر آئی ٹی خالد مقبول کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے بعد اسد عمر نے کہا کہ کراچی پیکیج کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پیکیج کے ترقیاتی منصوبوں پر کام سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے کے چار منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے پر پیشرفت سے متعلق سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

اسد عمر نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی سرکلر ریل سے متعلق تمام تصفیہ طلب امور طے کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ناردرن بائی پاس اور ریلوے فریٹ کاریڈور منصوبے بھی ترجیحی فہرست میں ہیں۔

ان کے مطابق وفاقی حکومت کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے اپنے حصے کے فنڈز فراہم کررہی ہے۔

ملاقات کے دوران کراچی اور حیدر آباد کے دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر ایم کیو ایم نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت کے تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں