بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کیخلاف کارروائی شروع

BISP

اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق غریب افراد کے لیے جاری کردہ سرکاری پروگرام ’’بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام‘‘ سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا گیا۔ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے گریڈ 17 کے 6 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔

صوبوں میں سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کے لیے چیف سیکرٹریز کو خط بھی لکھ دیے گئے۔ ذرائع کے مطابق جاری کردہ خطوط میں کہا گیا ہے چیف سیکرٹریز اپنے صوبوں میں سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق افسران اور ان کے اہلخانہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 9 سال تک وظیفہ لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا جبکہ وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقم وصول کرنے والے 8 لاکھ سے زائد افراد کو بھی پروگرام سے نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے متعلق حکومت کے تین بڑے فیصلے

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے انکشاف کیا تھا کہ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹ اور نادرا سے بھی امداد لینے والے ان افراد کا بھی پتا چلا جن کے خاندان کے افراد وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، ریلوے، پاکستان پوسٹ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں ملازمت کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں