ایرانی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات


اسلام آباد: پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر خارجہ کے چیمبر میں ہونے والی  ملاقات ایران امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ  خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ  نے بطور سفیر پاکستان تعیناتی پر سید محمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور خوش آمدید کہا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی اور مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں۔مجھے توقع ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکار کی تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں ہے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کروانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے میں ہوں۔ وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہو رہا ہوں۔

ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کی بھر پور کوشش کروں گا۔


متعلقہ خبریں