ٹرمپ کو جنگ سے روکنے کیلئے امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد منظور


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران سے ممکنہ جنگ روکنے کے لیے امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد منظور کرلی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ کو پابند کیا گیا ہے کہ جنگ کی صورت میں کانگریس سے منظوری حاصل کریں۔

امریکی میڈیا کے مطابق قرارداد کے حق میں 224 جبکہ مخالفت میں 164 ووٹ ڈالے گئے، حکمران ری پبلکن کے تین ارکان نے بھی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جسے آئندہ ہفتے منظوری کے لیے امریکی سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔

اس قرار داد کو ریپبلکن کی زیر قیادت سینیٹ میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دوسری طرف امریکی صدر نے ایران پر مزید سخت پابندیوں کی منظوری دے دی۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف مزید سخت پابندیوں کی منظوری ضروری ہے۔ محکمہ خزانہ اس حوالے سے تفصیلی بیان جاری کرے گا۔

امریکی صدر نے عراق میں امریکی افواج پر حملوں کے جواب میں ایران پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ-ایران کشیدگی

بدھ کی صبح ایران نے عراق میں موجود امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر حملے کیے۔ امریکہ کے محکمہ دفاع کے مطابق ایران سے 12 بلیسٹک میزائل داغے گئے جن سے الانبار اور اربیل میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حملے میں 80 سے زائد امریکی فوجی ہلاک ہوئے تاہم امریکہ نے کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

مزید پڑھیں: امریکہ کے ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی ہلاک

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی میزائل حملوں کے بارے میں وائٹ ہاؤس اور وزارت دفاع کے حکام کو پہلے ہی اطلاع دی گئی تھی۔

وزارت دفاع کے ایک افسر نے امریکی موقر اخبار کو بتایا کہ عراقی اینٹیلیجنس حکام نے حملے سے کچھ گھنٹے قبل ایرانی حملوں کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

تین جنوری کو امریکہ نے عراق میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا تھا جو ایران امریکہ کشیدگی میں اضافے کا سبب بنا۔


متعلقہ خبریں