کوئٹہ: مسجد کے قریب دھماکہ، ڈی ایس پی سمیت 15 افراد شہید


کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکہ کے نتیجے میں ڈی ایس پی حاجی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید ہوگئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق دھماکہ غوث آباد کی ایک مسجد میں نماز مغرب کے دوران ہوا۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے واقعے میں شہید ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں 19 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا مزید کہنا تھا کہ دشمن صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق شہید ہونے والے افراد کو ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں دھماکہ، چار سیکیورٹی اہلکار شہید، چھ زخمی

انہوں نے بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم جاری کیا۔

گزشتہ سال اکتوبر میں بھی سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجہ سے کئی گاڑیوں اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔

16 اگست کو بھی بلوچستان کے دارالحکومت میں دھماکے کے نتیجے میں امام مسجد سمیت چار افراد شہید ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ جمعے کی نماز کے دوران کچلاک کلی قاسم کے مدرسے میں ہوا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔


متعلقہ خبریں