ملک بھر میں مطلع ابر آلود، بلوچستان میں بارش سے طغیانی کا خدشہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج  بلوچستان بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے اضلاع میں چند مقامات پر بارش اور برف باری متوقع ہے۔

ملک کے دیگرعلاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم سرد جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہے گا۔ پنجاب کے بعض وسطی/جنوبی اضلاع اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑ سکتی ہے۔

ہفتہ اوراتوار کو موسلا دھار بارش سے تربت، کیچ، پنجگور، قلات کوئٹہ اور ژوب میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ، ہرنائی، زیارت، قلعہ عبد اللہ اور پشین کے اضلاع میں بھی برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بہاولپور،لیہ، ڈی جی خان اورملتان میں ہلکی بارش کا ہو سکتی ہے۔ ملتان، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، ناروال، بہاولپور، ڈی جی خان، سرگودھا، اوکاڑہ اور رحیم یارخان میں صبح کے وقت دھند پڑسکتی ہے۔

صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ رات کے وقت دادو، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں ہلکی بارش کا ہوسکتی ہے جب کہ بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند پڑے گی۔ کراچی میں سائبیریا کی ہواؤں کے باعث سردی کی لہر برقرار ہے اور آج بھی موسم ابر آلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چترال، سوات، دیر، ڈی آئی خان ، ٹانک، کرم، وزیرستان اور لکی مروت کے اضلاع میں بارش متوقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں