یوکرائن کا مسافر طیارہ میزائل لگنے سےتباہ ہوا، ایران کا اعتراف

یوکرائن کا مسافر طیارہ میزائل لگنے سےتباہ ہوا، ایران کا اعتراف

فائل فوٹو


تہران: ایران کی داخلی تفتیش کے ابتدائی نتائج سے پتا چلا کہ یوکرائن کے مسافر طیارے کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا جس میں 179 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

وزیرخارجہ جوادظریف نے کہا کہ ہم عوام سے گہری ندامت، معذرت اور تعزیت کے خواہاں ہیں۔ جواد ظریف نے تمام متاثرین کے اہل خانہ اور دیگر متاثرہ ممالک سے معافی بھی مانگی۔

جواد ظریف نے کہا کہ امریکی جارحیت کے سبب جو حالات پیدا ہوئے ان میں انسانی غلطی سے مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا۔

قبل ازیں امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بھی کہا تھا کہ طیارہ روسی ساختہ ایس اے 15 میزائل لگنے سے گرا اور ایرانی ریڈار سگنلز کو جیٹ لائنز پر لاک کرتے دیکھا گیا۔

کینیڈا اور دیگر یورپی ممالک نے بھی خفیہ رپورٹس کی بنیاد پر دعویٰ کیا تھا کہ مسافر طیارہ میزائل لگنے سے حادثے کا شکار ہوا۔

دریں اثناء ایرانی جنرل امیر علی حاجی زادہ نے یوکرائن کے طیارے کو مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاش میں طیارہ حادثہ دیکھنے سے پہلے مر جاتا۔

امیر علی حاجی زادہ نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یوکرائن طیارے کو کروز میزائل کے طور پر غلط شناخت کیا گیا تھا۔ طیارے کو مختصر فاصلے تک مار کرنے والا میزائل سے مارا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے فوج ہائی الرٹ تھی۔ امریکی جارحیت کی وجہ سے اتنی بڑی غلطی ہوئی۔

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ  ایران نے طیارہ خود میزائل مار کر گرایا تھا۔ طیارہ پاسداران انقلاب کے مرکز کی طرف بڑھ رہا تھا، اسے خطرہ تصور کرتے ہوئے مارا گیا۔

ایرانی فوج کے مطابق مستقبل میں ایسی “غلطیوں” کو روکنے کے لیے اپنے نظام کو اپ گریڈ کریں گے۔ ذمہ داران سے جواب طلب اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثناء ایرانی صدر حسن روحانی نے یوکرینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تباہ ہونے والے طیارے سے متعلق بات کی ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ایران کے دارالحکومت تہران سے یوکرائن جانے والا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد حادثہ کا شکار ہوگیا تھا۔

طیارہ امام خمینی ائرپورٹ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوا جس میں سوار تمام 179 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ بین الاقومی خبر ایجنسی کے مطابق  مسافر طیارے میں ایران، کینیڈا، سویڈن اور یوکرائن کے شہری سوار تھے۔

 


متعلقہ خبریں