کوئٹہ دھماکے کا مقدمہ درج، اقدام قتل،دہشت گردی کی دفعات شامل

فوٹو: ہم نیوز


کوئٹہ: سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقےغوث آباد میں کل رات کے دھماکے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جس میں اقدام قتل، دہشت گردی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق مقدمہ سی ٹی ڈی کی جانب سے ایس ایچ او کی مدعیت میں سیٹلائٹ ٹاون تھانہ میں درج کرایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد شہر کی تمام مساجد اور عبادت گاہوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ دھماکہ میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی امان اللہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکہ کی تحقیقات کا عمل جاری ہے جس کو آج مکمل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکہ کے نتیجے میں ڈی ایس پی حاجی امان اللہ سمیت 15 افراد شہید ہوگئے تھے۔ ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے واقعے میں شہید ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں 19 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔

زخمی افراد کو سول اسپتال منقتل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ تاحال کسی بھی عسکری تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ابتدائی طور پر حاصل کیے گئے ثبوت و شواہد سے لگتا ہے کہ دھماکہ خود کش تھا۔


متعلقہ خبریں