پہلی محبت میں ناکامی پر بہت رویا تھا، ہمایوں سعید  


اسلام آباد: پاکستانی انٹرٹینمنٹ کے سپر اسٹار ہمایوں سعید نے اپنی زندگی کے پوشیدہ پہلوؤں سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پہلی محبت ناکام رہی تھی جس پر وہ بہت روئے تھے۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں ہمایوں سعید نے بتایا کہ اہلیہ ثمینہ سعید سے شادی سے قبل انہیں ایک بہت خوبصورت اور زندگی سے بھرپور لڑکی سے محبت ہوئی تھی جس نے انہیں دھوکہ دے دیا تھا جس کی وجہ سے یہ تعلق نہیں چل سکا تھا۔

ہمایوں سعید اپنی اہلیہ ثمینہ ہمایوں کے ہمراہ

ڈرامہ اور ٹی وی انڈسٹری کے بہترین اداکار نے لڑکی کا نام تو ظاہر نہیں کیا تاہم اپنے اس کے ساتھ تعلق کے بارے میں بتایا کہ ہم اکثر ساحل سمندر پر گھومنے جاتے تھے، میں اس وقت بہت شرمیلا تھا اور وہ لڑکی مجھے میرے خول سے باہر نکالتی تھی اس لیے میں اسے دل دے بیٹھا تھا۔

اداکار نے انٹرویو میں اپنی پسند ناپسند کے بارے میں مزید بتایا کہ میں اپنوں کو کھونے سے بہت ڈرتا ہوں، مجھے مغربی کی نسبت مشرقی خاص طور پر پاکستانی لڑکیاں زیادہ پسند ہیں۔

انہوں نے اپنی کامیابی کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میری کامیابی کے پیچھے ایک نہیں بلکہ بہت ساری خواتین کا ہاتھ ہے۔ کریئر کی ابتدا میں نادیہ جمیل اور ثانیہ سعید وغیرہ کے ساتھ کام کیا، انہی اداکاراؤں اور ڈائریکٹرز کی وجہ سے میری اداکاری میں بہتری اور نکھار آیا۔


متعلقہ خبریں