پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، وزیر خارجہ


تہران: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایران کے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایران امریکا کشیدگی، خطے میں امن و استحکام کی صورتحال اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر نے پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا تہران کے ہوائی اڈے پر ایران وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سید رسول موسوی نے استقبال کیا۔

شاہ محمود قریشی تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور ایران امریکہ کشیدگی میں کمی اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی ایران کے بعد سعودی عرب کا بھی دورہ کریں گے اور وہ یہ دورے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کر رہے ہیں تاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں پاکستان اپنا کردار ادا کر سکے۔

وزیر خارجہ آج صبح ایران کے دورے پر روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے پہلے ایران کے شہر مشہد کا دورہ کیا اور پھر تہران پہنچے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ایران میں اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے بھی ملاقات کریں گے اور ان سے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بعد ازاں وزیر خارجہ 13 جنوری کو تہران سے ریاض جائیں گے جہاں وہ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن آل سعود سے ملاقات کریں گے اور ان کے ساتھ ایران امریکہ کشیدگی سمیت علاقائی امن و استحکام کے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس ضمن میں جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پیش آنے والے واقعاتِ کے تناظر میں، خطے کے امن و سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے، کشیدگی میں کمی لانے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے فوری اور اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ  ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ و دیگر رہنماؤں کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں میں، میں انہیں حالیہ صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ، تناؤ کی اس کیفیت کو اعتدال پر لانے ، کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی جملہ کوششوں کی حمایت کی جائے۔


متعلقہ خبریں