بنگلہ دیش کا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار

’ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

یہ اعلان بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے بورڈ میٹنگ کے بعد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‏حکومتی ایڈوائس کے مطابق پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی کھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏بنگلا دیشی ٹیم پاکستان میں مختصر قیام کرسکتی ہے۔

دوسری جانب ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے تاحال پی سی بی کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا۔

ان کے مطابق میڈیا رپورٹس ہیں کہ بی سی بی پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پی سی بی اپنے موقف پر قائم ہے۔

بی سی بی کی جانب سے اس اعلان کے بعد پاک بنگلہ دیش سیریز کھٹائی میں پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

پی سی بی اپنا موقف بدلنے کو تیار نہیں جبکہ بنگلہ دیش بورڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے پر بضد ہے۔

پی سی بی نے بنگلہ دیش کو دو ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی دعوت دے رکھی ہے۔

پی سی بی پہلے دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کا خواہشمند ہے۔


متعلقہ خبریں