ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم سرد

ہوشیار: جمعہ سے پیر، سندھ اور بلوچستان میں بارش کی پیشنگوئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبرپختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان، شمال مغربی بلوچستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کی شب سے شروع ہونے والی بارش سوموار کے  روز بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ واسا حکام کے مطابق سب سے زیادہ بارش سیدپور کے علاقے میں 18ملی میٹر ہوئی۔

مری میں برف باری کے ساتھ طوفانی ہواؤں چلنے کا بھی امکان ہے۔ مری میں درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔  محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شمال مغربی بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، چمن اور مستونگ میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔

پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں اکثر مقامات پر جبکہ جنوبی اضلاع ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ڈی جی خان، لیہ اور بھکر میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ میں مٹھی اور تھرپارکر کے اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہوسکتی ہے تاہم صوبے کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، جیکب آباد، لاڑکانہ، مری، چکوال، جوہرآباد، لاہور، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، نورپورتھل، گجرات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش تربت میں 56 ملی میٹر ہوئی۔

زیارت، کوئٹہ، ژوب، قلات، مالم جبہ، کالام، پاراچنار، چترال، بگروٹ، اسکردو، ہنزہ اور استور میں برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں