خالد مقبول صدیقی، اسد عمر ملاقات ختم، ڈیڈ لاک برقرار



کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان ملاقات ختم ہوگئی تاہم وفاق اور ایم کیو ایم کے درمیان ڈیڈلاک برقرا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے اسد عمر کی یقین دھانی کے باوجود اپنا فیصلہ تبدیل نہیں کیا اور اطلاعات ہیں کہ کابینہ میں رہنے یا نہ رہنے کا حتمی فیصلہ جہانگیر ترین کی سربراہی میں بننے والی تین رکنی کمیٹی سے مذاکرات کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی مذاکرات نہیں تھے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا تاہم استعفی واپس نہیں لیا۔

ایم کیوایم رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت سے وعدے پورے نہ کرنے کا گلہ کیا ہے۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وفاق کیساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

اسد عمر نے کہا حکومت کی خواہش ہے خالد مقبول صدیقی کابینہ میں ہی رہیں اور اس کی انہیں یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ معاملات ہمیشہ مذاکرات سے حل ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایم کیوایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے گزشتہ روز وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا انہوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کیساتھ کیے جانے والے وعدے پورے نہ کرنے پر وفاقی حکومت سے الگ ہونے کا اعلان کیا۔


متعلقہ خبریں