کے پی میں تعلیمی ایمرجنسی کے تحت داخلوں کا سلسلہ جاری


پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں تعلیمی ایمرجنسی کے تحت کمیونٹی اسکولوں میں داخلوں کا سلسلہ زورو شور سے جاری ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب کا کہنا ہے کہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت صوبے بھر میں گرلز کمیونٹی اسکولوں کا دائرہ تین سو فیصد بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں واؤچر کا نظام بھی پھیلا رہے ہیں تاکہ جہاں سرکاری اسکول نہیں وہاں بچے نجی اسکولوں میں پڑھ سکیں۔

اکبر ایوب نے دعویٰ کیا کہ صوبے بھر میں ہر سال اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد کم ہورہی ہے، معیار تعلیم  پر بھی ہماری پوری توجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ تعلیم کے لیے نئی تجاویز تیار کر رہے ہیں جوصوبائی اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔ ہم تعلیم کے شعبہ میں معیار اور سہولیات بہترکررہے ہیں، لڑکوں اور لڑکیوں کے اسکولوں کو بھی فوکس کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہرجگہ پرائمری اسکول تو نہیں دے سکتے لیکن ضرورت کی بنیاد پر کمیونٹی اسکول کھول سکتے ہیں جس سے تعلیم یافتہ خواتین کو روزگار بھی ملے گا۔

اکبر ایوب کا کہنا تھا کہ صوبے میں فی طالب علم 23290 روپے خرچہ آرہا ہے، جن میں پرائمری اور اسیکنڈری اسکولز دونوں شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں