نواز شریف کو ہوٹل میں چائے پینا مہنگا پڑ گیا


لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا لندن کے ریستوران میں خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ چائے پینا مہنگا پڑ گیا، سیاسی مخالفین نے اس پر سخت تنقید شروع کردی ہے۔

سابق وزیراعظم کی فیملی ممبران کے ساتھ ہوٹل میں چائے پینے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد سے رابطہ کر کے نواز شریف کی علاج کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر یاسمین راشد نے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے پاکستان مسلم لیگ نواز کے تاحیات قائد کے علاج کی تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔

دریں اثنا چائے پینے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد  نواز شریف کے سیاسی مخالفین نے بھی لفظوں کے وار شروع کر دیے ہیں۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’ لندن کے اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونیوالی ملاقات کے مناظر۔ کھاؤ پیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری ہے اور سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں‘‘۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے چائے پینے کی وائرل تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ساری آل شریف اکٹھے ہو کر اچھے ہوٹل میں سابق وزیر اعظم کی صحت پر گفتگو کر رہے تھے ۔آل شریف کی وطن واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ضمانت پر رہائی کے بعد ملک سے باہر جانے کی اجازت ملنے روانگی کی فوٹیج پر وزیراعظم عمران خان نے  نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس تنقید کی گرد تھمی ہی تھی نواز شریف کی لندن کے ایک ریستوران میں ناشتے کی تصویر نے مخالفین کو پھر بولنے کا موقع دے دیا ۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزرا اور پارٹی رہنماؤں کو نواز شریف کی صحت پر گفتگو کرنے سے منع کیا تھا مگر اب لگتا ہے کہ یہ سلسلہ پھر شروع ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں