کراچی میں 100 سالہ سردی کا ریکارڈ رواں ہفتے ٹوٹنے کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رواں ہفتے سو سالہ سردی کا ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ کراچی میں سردی کی نئی لہر داخل ہو گئی ہے جس کے بعد 18 جنوری تک موسم شدید سرد رہے گا اور کراچی میں سردی کا سو سالہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی کے ریکارڈ ٹوٹنے کا سلسلہ جاری ہے رواں ہفتے درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے جس کے لیے کراچی کے شہری تیار رہیں۔ اس سے قبل 1950 میں کراچی کا درجہ حرارت 3.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

کراچی میں سائبرین ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کی شام کو کچھ علاقوں میں ہلکی بارش بھی ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں گڈز ٹرانسپورٹرز کا ملک بھر میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

پی ایم ڈی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم پیر کو داخل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا، بالائی اور سینٹرل پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں میں آج برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔


متعلقہ خبریں