یقین کریں! وفاقی ادارے خالی آسامیوں سے مالا مال ہیں، کابینہ اجلاس میں انکشاف


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے نام لیے بغیر کہا ہے کہ لندن میں علاج کے لیے جانے والے دل بہلانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف لندن میں بیٹھ کر ووٹ کو عزت دے رہے ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ نوازشریف کبھی حامدکرزئی کےساتھ مل رہےہیں تو کبھی ہوٹلوں میں جارہےہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کوعلاج کے لیے باہر بھیجا تھا وہ دل پشوری کرنے لیے سیرو تفریح میں مصروف ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم حکومت سے ناراض نہیں ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام تحفظات دور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری نظام میں اختلاف رائے ہر سیاسی جماعت کا حق ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موسمیاتی تغیرات سے متعلق موبائل ایپ جلد متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں ںے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل ایپ متعارف کرا دی گئی ہے جب کہ خواتین کی شکایت کے ازالے کے لیے بھی ٹول فری نمبر متعارف کرایا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے متعلق انہوں نے کہا کہ اجلاس میں امریکہ و ایران کشیدگی اور عالمی حالات کا جائزہ لینے سمیت 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 16 میں سے 15 نکات کی منظوردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں عوامی فلاح وبہبود سے متعلق اقدامات پر خصوصی اہمیت دی گئی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر احساس پروگرام کے دفاتر کھولے جارے ہیں اور مزدوروں کے مالی و نفسیاتی استحصال کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے جانے والے فیصلوں کے متعلق انہوں ںے بتایا کہ ہوائی اڈوں ( ایئر پورٹس) کے نزدیک اونچی عمارات کی تعمیرکے لیے بین الاقوامی قواعد و ضوابط سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں ہیلتھ کارڈ کے تحت فراہم کردہ سہولتوں کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزارت صحت کے لیے مجوزہ اصلاحات کی مںظوری دی گئی جس کے تحت وزارت صحت کی تشکیل نو ہوگی۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کے اجلاس میں پانچ ہومیو پیتھک میڈیکل کالجوں کی شکایات پر انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے موٹرویز پر معذور افراد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ کابینہ نے دیہی خواتین کے شناختی کارڈ کے لیے ملک بھر میں جمعہ کا روز مختص کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ موسم سے متعلق معلومات کی فراہمی کے لیے تمام ٹی وی چینلز کچھ وقت مختص کریں۔ انہوں ںے بتایا کہ وزارت توانائی عوام کی آگاہی کے لیے اس ضمن میں اشتہاری مہم شروع کررہی ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ مختلف وزارتوں میں ایک لاکھ چھ ہزار 343 ملازمتوں کے کیسز زیر التوا ہیں جب کہ وفاقی حکومت کے مختلف اداروں میں ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد آسامیاں خالی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے دعویٰ کیا کہ متعلقہ ادارے خالی آسامیوں کا بجٹ لے رہے ہیں لیکن بھرتیاں نہیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ملازمین کے زیر التوا معاملات حل کرنے کے لیے 45 دن کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے ڈیلیوری یونٹ کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں فیصلہ کیا گیا کہ سعودی عرب کی جیلوں سے رہا پاکستانیوں کے اہل خانہ کی سہولت کا ڈیٹا بیس بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) سے متعلق شکایات و تجاویز کے لیے ای سروس کا آغاز کیا جارہا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ وزیراعظم نے تین سرکاری املاک نیا پاکستان ہاؤسنگ کو دینے کی منظوری دی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی میں ڈی جی اور سردار عبد المجید خان کو وفاقی محتسب سیکریٹریٹ ریجن کراچی کا ممبرتعینات کرنے کی مںظوری دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کابینہ میں مریم نواز کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں ق لیگ کی شرکت کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھ وزرا آئے اور تھوڑی دیر بعد چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرا کی سو فیصد حاضری کی بابت کچھ نہیں کہہ سکتی ہوں۔ ذرائع ابلاغ کو انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل کےچیف ایگزیکٹوکے تقرر کا معاملہ مؤخرکردیا گیا۔


متعلقہ خبریں