فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن سے خارج

الیکشن کمیشن نے فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کر دی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عدم پیروی کے باعث پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما و سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کر دی۔

الیکشن کمیشن میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ  نے فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت کی۔

اس دوران  فریال تالپور کی جانب سے فاروق ایچ نائیک الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تاہم درخواست گزار ایم پی اے ارسلان تاج کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوا۔

کیس کی سماعت کے آغاز پر فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرا دیا۔ وکیل دفاع نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے عدم پیروی کے باعث فریال تالپور کے خلاف نااہلی کی درخواست خارج کر دی۔ خیال رہے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔


متعلقہ خبریں