ایران: یوکرائن طیارہ حادثے میں ملوث ملزمان گرفتار

ایران: یوکرائن طیارہ حادثے میں ملوث ملزمان گرفتار

فائل فوٹو


تہران: ایران میں یوکرائن طیارہ حادثے کے متعلق عدالت کو بتایا گیا کہ چند افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت کے ترجمان نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، تاہم ان کی تعداد اور شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

ایرانی صدر حسن روحانی ایک بیان میں کہا کہ طیارہ حادثہ ایک سانحہ تھا جس کی محتاط انداز میں تحقیقات ہونی چاہیے اور ایک شخص ذمہ دار نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت ناقابل معافی غلطی ہے۔ حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایرانی فوج کی جانب سے غلطی تسلیم کرنا ایک اچھا اقدام ہے۔

صدر نے کہا ایرانی قوم کو یقین دلانا ہوگا کہ ایسی غلطی دوبارہ نہیں ہوگی اور جو بھی طیارہ حادثے میں ملوث ہے اس کو سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا یہ کوئی عام معاملہ نہیں، پوری دنیا کی نظریں اس مقدمہ پر ہوں گی اور اس کے لیے خصوصی عدالت قائم کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ایران امریکہ کشیدگی کے دوران یوکرائن کا مسافر طیارہ میزائل لگنے سے تباہ ہوگیا تھا جس میں 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ابتدائی طور ایران نے تکنیکی خرابی کو حادثے کی وجہ قرار دیا تھا تاہم تحقیقات کے بعد بتایا گیا کہ مسافر طیارہ میزائل لگنے سے تباہ ہوا۔

دریں اثناایران کے جنرل امیر علی حاجی زادہ نے یوکرائن کے طیارے کو مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاش میں طیارہ حادثہ دیکھنے سے پہلے مر جاتا۔

امیر علی حاجی زادہ نے قوم سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یوکرائن طیارے کو کروز میزائل کے طور پر غلط شناخت کیا گیا تھا۔ طیارے کو مختصر فاصلے تک مار کرنے والا میزائل سے مارا گیا۔


متعلقہ خبریں