نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ حکومتِ پنجاب کو موصول

پاکستان مشکلات سے باہر نکلے گا، عمران خان کی ترقی باتوں کی حد تک تھی، نواز شریف

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ پنجاب حکومت کو موصول ہوگئی ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ جائزہ لینے کے لیے محکمہ صحت کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کو رپورٹ ملنے کے بعد میڈیکل بورڈ کو بھجوائی جائے گی۔

ذرائع محکمہ داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کی سفارشات کے مدنظر ضمانت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔

گزشتہ روز سابق وزیراعظم کی فیملی ممبران کے ساتھ ہوٹل میں چائے پینے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد سے رابطہ کر کے نواز شریف کی علاج کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر یاسمین راشد نے نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سے پاکستان مسلم لیگ نواز کے تاحیات قائد کے علاج کی تفصیلات طلب کیں۔

دریں اثنا چائے پینے کی تصویر وائرل ہونے کے بعد نواز شریف کے سیاسی مخالفین نے بھی لفظوں کے وار شروع کر دیے ہیں۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی رپورٹس نہ بھیجی گئیں تو محکمہ داخلہ ایکشن لے گا، ڈاکٹر یاسمین راشد

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’ لندن کے اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہونیوالی ملاقات کے مناظر۔ کھاؤ پیو بیماری کا علاج انتہائی انہماک سے جاری ہے اور سارے مریض بہتر محسوس کر رہے ہیں‘‘۔

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے چائے پینے کی وائرل تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ساری آل شریف اکٹھے ہو کر اچھے ہوٹل میں سابق وزیر اعظم کی صحت پر گفتگو کر رہے تھے ۔آل شریف کی وطن واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ضمانت پر رہائی کے بعد ملک سے باہر جانے کی اجازت ملنے روانگی کی فوٹیج پر وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اس تنقید کی گرد تھمی ہی تھی نواز شریف کی لندن کے ایک ریستوران میں ناشتے کی تصویر نے مخالفین کو پھر بولنے کا موقع دے دیا ۔


متعلقہ خبریں