پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے پاگیا


لاہور: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا شیڈول طے ہوگیا، جس کے تحت تین ٹی ٹوئنٹی، ایک ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز پاکستان میں ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات کے دوران دی گئی.

ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین ششانک منوہر نے پاکستان بنگلہ دیش سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے میں معاون کا کردار ادا کیا۔

نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 24 سے 27 جنوری تک لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ مہمان ٹیم 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ون ڈے انٹرنیشنل میچ 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اپریل تک کراچی میں ہوگا۔

چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کو حتمی شکل دینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ششانک منوہر کی معاونت کے مشکور ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول کی تیاری دونوں بورڈز کی جیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈول کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم تین مرتبہ پاکستان آئے گی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک ہے۔


متعلقہ خبریں