’عمران خان سیاسی خودکشی کرچکے، استعفیٰ دے دینا چاہیے‘

javed Hashmi

ملتان: سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک کٹھ پتلی وزیر اعظم ہیں، وہ سیاسی خودکشی کرچکے ہیں اب انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان استعفٰی دے دیں تو ان کی تھوڑی عزت بچ جائے گی، وہ اسمبلیاں توڑے بغیر گھر چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ توقعات کے عین مطابق ہے، عدالت عالیہ نے یہ فیصلہ دیکر خصوصی عدالت کے دباؤ کو دھو دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین بنتے اور ٹوٹتے رہے ہیں، ہماری معیشت کو سیاستدانوں نے تباہ کیا اور چار جرنیلوں اسے سنبھالا ہے، آئین توڑنے والے زیادہ معتبر ہیں۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ سنگین غداری کیس کی نظر ثانی کی درخواست سپریم کورٹ کو دی جانی چاہیے تھی۔

سینئر سیاست دان نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے تین مرتبہ آئین توڑا، یہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی مرکزی قیادت لندن میں ہے اور یہاں والوں کی فیصلے سمجھ نہیں آرہے، ووٹ کو عزت دو ایک سوچ کا نام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پر کیس نواز شریف نے کیا اورسزا بھی اسی کو مل رہی ہے۔


متعلقہ خبریں