اس وقت ٹیکسز زیادہ ہیں، گورنر پنجاب کا برملا اعتراف

اس وقت ٹیکسز زیادہ ہیں، گورنر پنجاب کا برملا اعتراف

لاہور: گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اعتراف کیا ہے کہ یہ بات درست ہے کہ اس وقت ٹیکسز زیادہ ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ایک سال ہماری حکومت کے لیے مشکل سال تھا کیونکہ 20 بلین ڈالرز کرنٹ خسارے کی معیشت ہمیں ملی تھی۔

حکومت مدت پوری کرےگی اور عوام سے کے گئے وعدے پورے ہوں گے، گورنر پنجاب

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے نو منتخب صدر میاں انجم نثار کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کا انعقاد چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر کی جانب سے کیا گیا تھا۔

تقریب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سمیت دیگر اہم تجارتی و کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر کاروباری و تجارتی طبقے کو درپیش مسائل پراظہار خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنے خطاب میں ایف پی سی سی آئی کے نو منتخب صدر انجم نثار کی کامیابی کے لیے دعا کی اور توقع ظاہر کی کہ وہ کاروباری و تاجر طبقے کے مسائل احسن طریقے سے اجاگر کریں گے۔

انہوں نے برطانیہ میں اپنے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں میرا لیبر پارٹی سے تعلق تھا اور میں ہمیشہ لوگوں کے مسائل سامنے لایا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی سیاست میں بھی میں نے بزنس کمیونٹی کو اپنے ساتھ ملایا تھا کیونکہ ملک و قوم کی خوشحالی بزنس کمیونٹی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بزنس کمیونٹی ٹیکس دیتی ہے تو ملک چلتا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اب اپنی بزنس کمیونٹی کو ہمسایہ ممالک کے ساتھ مقابلے کے لیے بہتر ماحول دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پیداوار بڑھانے کے لیے یہ دیکھنا ہوگا کہ کس علاقے میں گنا اور کہاں کپاس (کاٹن) کی پیداوار بہتر ہوسکتی ہے؟

چودھری محمد سرور نے دعویٰ کیا کہ اگر ہم صرف کپاس کی پیداوار بڑھا لیں تو دس بلین ڈالرز کا فائدہ ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپاس کی صنعت کو فروغ دے کر ایک کروڑ نوکریوں کا خواب بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔

حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنے کی ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوتی ہے، گورنر پنجاب

ہم نیوز کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اعلان کیا کہ تاجروں کے تمام مطالبات تسلیم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی خوشحال ہوگی تو ملک خوشحال ہوگا۔


متعلقہ خبریں