ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی

موسم

محکمہ موسمیات کی ملک میں موسم سے متعلق بڑی پیشگوئی


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان کے اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔

گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پربارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے سبب سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتراضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، ژوب، قلات، زیارت، قلعہ سیف اللہ، چمن اورمستونگ میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم  وسطی /جنوبی میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ سندھ، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔

شدید برفباری کے سبب دیراور چترال کو ملانے والی لواری ٹنل کا راستہ تیسری روزبھی بند ہے جس کے سبب سینکڑوں مسافر دیر میں محصور ہیں۔

مسلم باغ میں شدید برفباری کے سبب کان مہترزئی کے مقام پر بین الصوبائی شاہراہ پانچ دنوں سے بند ہے جس کے سبب بلوچستان کا پنجاب اور خیبرپختونخوا سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہے۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کےاضلاع میں اکثر مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ میں 27 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں