سینیٹ کمیٹی اجلاس میں حریم شاہ کی ٹک ٹاک ویڈیوز کا تذکرہ


اسلام آباد: سینیٹر روبینہ خالد کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کےاجلاس  میں ٹک ٹاک گرل حریم شاہ کی ویڈیوز کا تذکرہ ہوا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ  حریم شاہ کی ویڈیوز ٹویٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہیں جو افسوسناک ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ حریم شاہ کی ویڈیوز میں چار وزراء اور کچھ سینیٹرز کا نام استعمال کیا گیا۔ چند پیسوں کی خاطر عزت اچھالنے والوں پر سزا سخت کی جائے۔ایسی ویڈیوز بنانے والوں کی سزا سات سال اور جرمانہ پچالاس لاکھ کیا جائے۔

وزارت آئی ٹی  کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر ذاتی حملوں کو روکنے کے لیے قوانین بنائے ہیں۔

سیکرٹری آئی ٹی نے اجلاس کو بتایا کہ اب تو حریم شاہ کے پاس مفتی قومی کے ساتھ سلیفی اور ویڈیو بھی موجود ہے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ وزراء  سے پوچھے بغیر ان کے ساتھ سیلفی بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دی جاتی ہے۔ اس حوالے سے کیا متعلقہ لوگوں سے اجازت لی گئی؟ پیسے بنانے کے لیے ایسی حرکتیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  سوشل میڈیا پر موجود یو ٹیوب کی آمدن کا اسٹیٹ بینک کے پاس ریکارڈ ہونا چاہیے۔ میری معلومات کے مطابق آئندہ کئی بڑی شخصیات سوشل میڈیا اسیکنڈلز کی زد میں آ سکتی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے اجلاس کو بتایا کہ ایک بچے نے پرینک ویڈیو شوٹنگ کے دوران خود کو گولی مار دی۔ ایک ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے چھت سے گر کر جاں بحق ہوا۔

سینیٹر رحمان ملک نے سوال کیا کہ بار بار شکایت کے باوجود سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کیوں نہیں بند کیے جارہے ہیں؟ فیس بک اور ٹیوٹر حکومت پاکستان کیساتھ تعاون نہیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے پوچھا کہ کیا حکومت پاکستان کا فیس بک و ٹیوٹر کیساتھ کوئی معاہدہ ہوا ہے؟  اگر حکومت کا ٹیوٹر اور فیس بک کیساتھ کوئی معاہدہ ہے تو کمیٹی کے سامنے لایا جائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ اگر حکومت کا ٹیوٹراور فیس بک کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے تو کابینہ اس معاملے کو اٹھایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کئی مہینوں سے اعتزاز احسن کے نام سے جعلی اکاونٹ چل رہا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور وفاقی تحقیقاتی ادارے کو واضح ہدایات کے باوجود اعتزاز احسن کے نام جعلی اکاونٹ بند نہیں کیا گیا۔ ٹیوٹر اور فیس بک پاکستانی صارفین کیخلاف ہمیشہ امتیازی سلوک برتتے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں