چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر بڑی پیشرفت

الیکشن کمیشن

اسلام آباد: نئے چیف الیکشن کمشنر اور دو ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر پیشرفت ہونے لگی ہے، حکومت اور پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے الگ الگ نام دے دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اعتراضات کے بعد حکومت نے سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا نام واپس لے کرسکندر سلطان راجا کا نام تجویز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سکندر سلطان راجا کا نام پرویز خٹک کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے۔

سکندر سلطان راجا 22 ویں گریڈ کے افسر کے طور پر وفاقی سیکرٹری کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔ سکندر سلطان اس سے پہلے ریلوے اور پٹرولیم کے سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں ۔ سکندر سلطان کے پاس چیف سیکریٹری آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا عہدہ بھی رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق  پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا نام تجویز کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے۔

دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا بھی چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اسلام آباد میں غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پارٹی رہنما خواجہ آصف، سعد رفیق ،احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، رانا تنویر اور عطا تارڑ نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں