گلیات: چوتھا دن بھی گزر گیا، برفانی طوفان کے باعث سڑکیں بند، عوام محصور

گلیات: چوتھا دن بھی گزر گیا، برفانی طوفان کے باعث سڑکیں بند، عوام محصور

مری: گلیات اور مری میں آنے والے برفانی طوفان کے چوتھے روز بھی معمولات زندگی بحال نہیں ہوسکے ہیں۔

بارش، برفباری سے 100 افراد ہلاک، 90زخمی

ہم نیوز کے مطابق مری ایبٹ آباد مرکزی شاہراہ سمیت تمام رابطہ سڑکیں مکمل طورپر بند پڑی ہیں اور شہری گھروں تک میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ گلیات کا مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہے اور کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

متاثرین نے ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی ادارے صرف فوٹو سیشن تک محدود ہیں اور خالی طفلی تسلیاں دے رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق تاریخی سیاحتی مقام ایوبیہ اور نتھیا گلی میں چوتھے دن بھی سیاحوں کی آمد نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بالکل ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔

متاثرین کے مطابق دیہی اور مضافاتی علاقوں میں اشیائے خورد و نوش کی قلت پیدا ہونے لگی ہے جب کہ یومیہ اجرت کے ملازمین بھی سخت تکلیف میں مبتلا ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ حالت یہ ہے کہ مریضوں کو اسپتال تک پہنچانا ناممکن ہو کر رہ گیا ہے۔

کوئٹہ: گاڑیاں برفانی طوفان میں پھنس گئیں، مسافروں کی مدد کے لیے اعلانات

ہم نیوز کے مطابق متاثرین اور عوام الناس نے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیں اور ہنگامی بنیادوں پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں۔


متعلقہ خبریں