مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر سلامتی کونسل کی تشویش، دوطرفہ مذاکرات پر زور

فائل فوٹو


واشنگٹن: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کانفرنس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سلامتی کونسل میں کشمیر کی صورت حال پر بات چیت کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں اور یہ مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر بھی موجود ہے۔ کشمیر کے مسئلے پر سلامتی کونسل میں5ماہ میں دوسری بار بات ہوئی۔

شاہ محمود نے بتایا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں تمام 15 اراکین نے شرکت کی اور کئی ملک دوطرفہ بات چیت پر زور دے رہے ہیں جس کیلئے پاکستان تو تیار ہے لیکن بھارت روایتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آمادہ نہیں۔

پاکستان کے وزیرخارجہ نے بتایا کہ سلامتی کونسل کے اکثر اراکین کو کشمیر کی صورت حال پر تشویش ہے۔

وزیر خارجہ نے نیویارک میں صدر اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل ڈینگ ڈین قوئے سے بھی ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے ظلم و بربریت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات کے معمول پر ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے جبکہ حقیقت بالکل اس کے برعکس ہے۔ 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعےمحصور کر رکھا ہے جب کہ  ذرائع ابلاغ اور انٹرنیٹ پر پابندی بدستور عائد ہے۔

شاہ محمود نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ خطے میں قیام امن کے لیے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین بھارتی مظالم کو بند کروانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کونسل اپنی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے کشمیریوں کو ان کا جائز حق “حق_خودارادیت “دلوانے میں ان کی مدد کرے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر جنرل اسمبلی تجانی محمد باندے سے بھی ملاقات کی۔ دوران ملاقات دونوں رہنماؤں کے مابین اہم علاقائی و عالمی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

اقوام متحدہ کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غربت سمیت مختلف چیلنجز سے نبردآزما ہونے اور دیرپا ترقی کے مشترک اہداف کے حصول کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا کردار ہمیشہ اہم اور ناگزیر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے تجانی محمد باندے کو بتایا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کو 165 روز گزر چکے ہیں اور نہتے کشمیریوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے

مقبوضہ جموں و کشمیر کے 80لاکھ کشمیریوں کو بھارتی جبرواستبداد سے نجات دلانے کیلئے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور سیکیورٹی کونسل جیسے عالمی اداروں کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں